ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار، حملے کی صورت میں بھرپور جواب دیں گے: ایرانی سفیر

ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار، حملے کی صورت میں بھرپور جواب دیں گے: ایرانی سفیر

 پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قطر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مختلف تجاویز اور خیالات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے تاکہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی راہ نکالی جاسکے۔رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات کے راستے پر آگے بڑھنے کے لیے آمادہ ہے، تاہم کسی بھی فوجی کارروائی یا حملے کی صورت میں ایران خاموش نہیں رہے گا۔ ان کے مطابق تہران اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ 
ایرانی سفیر نے یمن میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران یمن کے تنازعے کے حل کے لیے ہر سنجیدہ سفارتی اقدام کی حمایت کرے گا، خواہ یہ کوشش چین کرے یا کوئی دوسرا ملک۔انہوں نے کہا کہ یمن کے مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کو مذاکراتی عمل کا حصہ بنایا جائے۔ اگر چین یا کوئی دوسرا ملک حوثیوں کو یمن کے تنازعے کا ایک فریق تسلیم کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے کے لیے کوشش کرتا ہے تو ایران اس اقدام کا خیرمقدم کرے گا۔