پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ پاکستان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چینی سفیر نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر پائیدار امن اور استحکام کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق چین نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں ممالک نے پاکستان-چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔