بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پر خود کو “ٹرافی” کہے جانے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی عورت کو اس طرح کے لیبل کے ساتھ جوڑنا قابلِ قبول نہیں۔
اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک چیٹ سیشن کے دوران ایک صارف کے تبصرے کے جواب میں پریتی زنٹا نے کہا کہ کوئی بھی عورت ٹرافی نہیں بننا چاہتی، کیونکہ ٹرافیاں شیشے کے شوکیس میں رکھی جاتی ہیں، جبکہ عورت کا مقام کسی کی زندگی اور دل میں ہوتا ہے۔ان کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی ملی، اور صارفین نے ان کے واضح اور باوقار اندازِ بیان کو سراہا۔
پریتی زنٹا ن اپنی مشہور فلموں کل ہو نہ ہو اور ویر زارا کے لیے جانی جاتی ہیں۔ چیٹ سیشن کے دوران انہوں نے اپنی آنے والی فلموں کے بارے میں بھی بات کی۔انہوں نے بتایا کہ ان کی فلم لاہور 1947 ایک محبت کی کہانی ہے جو تقسیمِ ہند اور نفرت کے دور کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے۔ پریتی زنٹا نے یہ بھی تصدیق کی کہ یہ فلم 13 اگست 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔