بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے حال ہی میں لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا گہرائی سے ذکر کیا اور اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
پریتی زنٹا نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ اس قسم کی صورتحال کا تصور بھی نہیں کر سکتی تھیں جہاں ایک دن لاس اینجلس میں لگی آگ نے قریبی محلوں کو تباہ کر دیا ہو، اور اس کے بعد ان کے عزیز و اقارب اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہوں۔اداکارہ نے لکھا کہ "میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا دن دیکھنے کو ملے گا، جب میرے آس پاس کی جگہوں پر ایسی تباہی ہوگی۔" پریتی زنٹا نے یہ بھی کہا کہ وہ اس وقت کی صورت حال میں اپنے چھوٹے بچوں اور دادا دادی کے ساتھ خوف اور غیر یقینی کی حالت میں تھیں، جب انہوں نے دھندلے آسمانوں سے راکھ گرتی دیکھی اور سوچا کہ اگر ہوا نہ تھمی تو کیا ہوگا۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ وہ اس تباہی پر دل شکستہ ہیں اور خدا کا شکر ادا کرتی ہیں کہ وہ اس آتشزدگی سے محفوظ رہیں۔
اداکارہ نے تمام متاثرین کے لیے دعائیں کیں جو اس آتشزدگی کے سبب بے گھر ہو گئے اور اپنا سب کچھ کھو بیٹھے۔پریتی زنٹا نے آخر میں اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے فائر فائٹرز اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو اس مشکل وقت میں لاس اینجلس کے لوگوں کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آگ پر جلد قابو پا لیا جائے گا اور ہوا رک جائے گی۔پریتی زنٹا کے اس جذباتی پیغام نے نہ صرف لاس اینجلس کے شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، بلکہ اس نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو اس قدرتی آفات کے اثرات پر سوچنے پر مجبور کیا۔