بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنی جعلی اے آئی (مصنوعی ذہانت) ویڈیوز، ڈیپ فیک تصاویر اور دیگر غیر مجاز ڈیجیٹل مواد کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
درخواست میں اداکارہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ان کی شکل و صورت استعمال کرتے ہوئے ڈیپ فیک ویڈیوز، تبدیل شدہ تصاویر اور چیٹ بوٹ طرز کا مواد بغیر اجازت تیار اور مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر شائع کیا جا رہا ہے، جس سے ان کی ساکھ اور ذاتی شناخت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔پریتی زنٹا نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے ان کے نام، تصاویر اور شناخت استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا تمام متنازع مواد فوری طور پر ہٹایا جائے، جبکہ مستقبل میں ایسے مواد کی تیاری اور اشاعت پر بھی پابندی عائد کی جائے۔کیس کی سماعت جسٹس مادھو جمدار کی سربراہی میں ہوئی، جہاں عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد متعلقہ فریقین اور آن لائن پلیٹ فارمز کو ہدایت دی کہ متنازع مواد کے اخراج کے لیے مشترکہ اور مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔واضح رہے کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک نظام ہے جس کے ذریعے کسی بھی شخص کی اصل شکل و صورت کو استعمال کرتے ہوئے ایسی ویڈیوز، تصاویر یا آڈیو تیار کی جا سکتی ہیں جن میں وہ ایسی باتیں یا حرکات کرتے نظر آتے ہیں جو حقیقت میں کبھی پیش نہیں آئیں۔