پاکستان کی معیشت میں تاریخی بہتری: مہنگائی میں اضافے کی رفتار 60 سال کی کم ترین سطح پر، زرمبادلہ کے ذخائر دگنے، وزیر خزانہ

پاکستان کی معیشت میں تاریخی بہتری: مہنگائی میں اضافے کی رفتار 60 سال کی کم ترین سطح پر، زرمبادلہ کے ذخائر دگنے، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اہم موڑ پر پہنچ چکا ہے، جہاں معیشت بحالی اور تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں تاریخی کمی آئی ہے، جو اب 0.7 فیصد کی سطح پر ہے اور 60 برس میں سب سے کم ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر دوگنا ہو چکے ہیں۔ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ ’’پاکستان کانفرنس 2025‘‘ سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے ’’فاصلوں میں کمی اور مستقبل کی تعمیر: پاکستان میں شمولیتی ترقی اور حکمرانی کا راستہ‘‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکلات سے دوچار معیشت کو سنبھالا، بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کیا، عوام کا اعتماد بحال کیا اور ترقی کا عمل دوبارہ شروع کیا۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ معیشت میں استحکام کوئی منزل نہیں بلکہ ترقی کی طرف ایک ذریعہ ہے۔انہوں نے حکومت کی حکمتِ عملی کا خاکہ پیش کرتے ہوئے مالیاتی نظم و ضبط، مہنگائی پر قابو پانے، توانائی، ٹیکس اصلاحات، حکمرانی اور سرکاری اداروں میں بہتری کی کوششوں کا ذکر کیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں ترقی کے مواقع پر روشنی ڈالی، جن میں معدنی وسائل، آئی ٹی سیکٹر کی توسیع، گرین انرجی منصوبے اور نوجوانوں کا کاروباری جذبہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قرض کے جی ڈی پی تناسب کو 75 فیصد سے کم کر کے 67.2 فیصد کر دیا ہے اور اسے مزید 60 فیصد سے نیچے لانے کا ہدف رکھا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی شفاف نجکاری سے جی ڈی پی میں سالانہ 2 فیصد بچت متوقع ہے۔مالیاتی شعبے میں ڈیجیٹل بینکنگ، کیپیٹل مارکیٹس اور گرین فنانس کے فروغ کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مالیاتی نظام کو مزید مضبوط اور لچکدار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ماحولیاتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور زراعت میں ماحولیاتی مزاحمت پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور آئی ایم ایف کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (RSF) اور ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنرشپ پروگرام (CPF) کو اہم کامیابیاں قرار دیا۔

انہوں نے معیشت کی موجودہ مثبت کارکردگی کے اعدادوشمار بھی پیش کیے:

روپے کی قدر میں 3 فیصد اضافہ ہوا
مارچ 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک ارب ڈالر سے زیادہ رہا
غیر ملکی سرمایہ کاری میں 44 فیصد اضافہ ہوا
آئی ٹی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا
ترسیلات زر 38 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے
24 سال بعد پہلی بار مالیاتی سرپلس حاصل کیا گیا
فچ (Fitch) نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ "B-" مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ اپ گریڈ کی
وزیر خزانہ نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، شراکت داروں اور ماہرین کو پاکستان کی ترقی اور تبدیلی کے سفر میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جراتمندانہ اور ضروری فیصلوں سے تشکیل پائے گا، اگر ہم اپنے عوام پر سرمایہ کاری کریں، معیشت کو جدید بنائیں اور اصلاحات کو جاری رکھیں۔یاد رہے کہ ’’پاکستان کانفرنس‘‘ امریکا میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے، جس کا مقصد پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم، کاروباری رہنماؤں اور طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے پاکستان کے مسائل کا حل تلاش کرنا اور عالمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔