گھر داماد نے ساس کو قتل کرکے ٹکڑے کردئیے

ملزم اکرام نے لاش کے ٹکڑے صندوق میں ڈال کر کھیتوں میں دفن کیے
6لاکھ کی رقم کیلئے بشریٰ کی جان لی، ملزم کا تفتیش میں اعتراف، لاش برآمد 
پاکپتن،عارفوالا(خصوصی رپورٹ)پاکپتن کے علاقہ قبولہ میں گھر داماد نے6لاکھ روپے کی خاطر اپنی ساس کو قتل کے بعد ٹکڑے کر کے صندوق میں ڈال کر کھیتوں میں دفن کر دیا۔تفتیش میں ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔ پولیس نے لاش برآمد کرلی۔ تفصیل کے مطابق واقعہ نواحی گائوں 133 ای بی میں پیش آیا جہاں اکرام نے اپنی ساس بشریٰ کو موت کے گھاٹ اتارا اورلاش کے ٹکڑے کر کے صندوق میں ڈال کر صندوق کھیتوں میں دبادیا۔اکرام کی ساس بشریٰ بی بی نے چھ ماہ قبل چھ لاکھ کی بھینس فروخت کی تھی۔اکرام ساس سے چھ لاکھ روپے مانگتا تھا کہ وہ پیسے مجھے دے دو۔ساس کے انکار پہ اکرام نے گھنائونا قدم اٹھایا۔ساس کو قتل کرنے کے بعد اکرام نے ساس کی گمشدگی کاڈرامہ رچا دیا۔پولیس نے بشریٰ بی بی کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کر رکھا تھا۔ملزم نے قتل کے بعد 6 لاکھ روپے بھی چوری کرنے کا اعتراف کیا۔پولیس نے شک گزرنے کے بعد اکرام کو گرفتار کیا تو تفتیش میں سچ سامنے آگیا۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر لاش برآمد کر کے کارروائی شروع کر دی۔وقوعہ کے روز ملزم اکرام کی بیوی کھیتوں میں کام کرنے گئی ہوئی تھی۔