بیوی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے نہر میں پھینکنے والا سفاک شوہر گرفتار

خانیوال(آئی این پی)ٹھٹھہ صادق آباد میں ایک دل دہلا دینے والی واردات کا انکشاف ہوا ہے، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کا سر تن سے جدا کر دیا اور لاش کے ٹکڑے نہر میں پھینک دیے۔ پولیس کے مطابق نہر سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی لاش کی شناخت جدید تفتیشی طریقوں اور شواہد کی مدد سے کی گئی، جس کے بعد مرکزی ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے گھریلو تنازع اور ذاتی رنجش کی بنا پر یہ ہولناک جرم کیا۔ ڈی پی او خانیوال کی ہدایت پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کیس کو ٹریس کر لیا اور ملزم کو قانون کی گرفت میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔