اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 170 کلومیٹر تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان-تاجکستان سرحدی علاقہ بتایا گیا ہے۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد کے علاوہ سوات، شانگلہ اور بونیر سمیت مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ گھروں اور عمارتوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔