وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں امن کمیٹی کے دفتر میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں سخت سزا ملنی چاہیے۔واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں امن کمیٹی کے دفتر میں دھماکہ اس وقت ہوا جب دفتر میں کمانڈر سیف الرحمان کی سربراہی میں جرگہ جاری تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں میں کمانڈر سیف الرحمان بھی شامل ہیں، جو اس وقت دفتر میں موجود تھے۔ دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی ایسی کارروائیاں ملک کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں اور پاکستان کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔یہ واقعہ جنوبی وزیرستان کے حساس علاقے میں پیش آیا ہے، جہاں قبائلی عمائدین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان امن قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔