وزیراعظم نے زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے تاریخی سنگِ میل قرار دیا

وزیراعظم نے زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے تاریخی سنگِ میل قرار دیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کے تاریخ کی بلند ترین سطح 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق ترسیلاتِ زر اور سروسز کی برآمدات میں نمایاں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی بھی ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہ صرف پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کو مضبوط کرے گا بلکہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والی معاشی مشکلات سے نمٹنے کی ملکی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مستحکم معاشی پوزیشن سے ملک میں بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے جاری اقدامات کو بھی اہم قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک، حکومت کی معاشی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اس اضافے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یورو بانڈز کے انفلوز کی آمد کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ارب 79 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں، جبکہ سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کو ملکی بیرونی مالیاتی پوزیشن کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم معیشت کے دیگر اشاریوں اور بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال بھی مجموعی معاشی استحکام کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔