ویب ڈیسک: لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
بھارتی شرپسندوں نے جمعے کو پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرے کے دوران عمارت کے شیشے توڑ دیے اور عمارت پر سرخ رنگ پھینکا تھا۔پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے حملے کی تفصیلات پولیس کو آگاہ کر دی ہیں، اور برطانوی حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر، ڈاکٹر محمد فیصل نے اس حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو برطانوی دفتر خارجہ کے ساتھ اٹھایا ہے۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ہائی کمیشن کی سیکیورٹی فراہم کرنا برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے، اور حکومت برطانیہ سے اپیل کی کہ وہ حملے کے ذمہ داروں کو پکڑ کر سزا دیں۔بھارتی شرپسندوں کے احتجاج کے جواب میں، پاکستانیوں نے بھی لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کیا۔ اس احتجاج کے دوران مظاہرین نے بھارت کی آبی جارحیت اور دیگر انتہاپسندانہ اقدامات کے خلاف نعرے لگائے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔