علیزے شاہ نے سوشل میڈیا کو خیر باد کہہ دیا، پس پردہ وجوہات سامنے آ گئیں

علیزے شاہ نے سوشل میڈیا کو خیر باد کہہ دیا، پس پردہ وجوہات سامنے آ گئیں

ویب ڈیسک:پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف نوجوان اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ، جنہوں نے کم عمری میں بے پناہ شہرت حاصل کی، ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

 اپنے منفرد انداز، معصوم چہرے اور جاندار اداکاری کے باعث لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی علیزے شاہ نے اب ایک بڑا اور حیران کن فیصلہ کر لیا ہے — انہوں نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔علیزے شاہ نے شوبز کی دنیا میں فلم "سپر اسٹار" کے ذریعے قدم رکھا، جبکہ ڈرامہ "عہدِ وفا" میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں "نیشنل کرش" کا درجہ دلا دیا۔ اس کے بعد وہ متعدد مقبول ڈراموں کا حصہ بنیں اور اپنی پہچان مزید مضبوط کی۔ تاہم، شہرت کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف تنازعات کا بھی سامنا کرنا پڑا، خصوصاً ان کے لباس، انداز اور موسیقی ویڈیوز میں شرکت کو لے کر شدید تنقید کی گئی۔حالیہ دنوں میں تنقید کے اس طوفان اور نفسیاتی دباؤ نے علیزے شاہ کو سخت متاثر کیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختصر مگر معنی خیز پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا:"I Quit"ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا کو "جہنم" قرار دیا اور اپنی تمام پوسٹس بھی ڈیلیٹ کر دیں۔ان کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے منقسم نظر آئی۔ایک طرف کئی افراد نے اسے محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا:

"جب پوسٹ کرنا جانتی ہو تو ردعمل برداشت کرنا بھی سیکھو۔"دوسری جانب متعدد صارفین نے علیزے شاہ کی ذہنی کیفیت پر ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعا کی۔ ایک صارف نے کہا:"وہ شاید کسی گہرے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، انہیں سپورٹ اور مدد کی ضرورت ہے۔"جبکہ ایک اور صارف نے دعا دیتے ہوئے کہا:"اللہ علیزے شاہ کو ہدایت دے اور انہیں سکون عطا فرمائے۔"علیزے شاہ نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے دل کی بات بھی کہی:"میں مضبوط نظر آتی ہوں، مگر اندر سے ٹوٹ چکی ہوں۔"مداحوں کو اب یہ فکر لاحق ہے کہ آیا علیزے شاہ واقعی شوبز اور سوشل میڈیا سے مکمل کنارہ کش ہو جائیں گی یا یہ محض وقتی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ تاہم، یہ طے ہے کہ ان کی جانب سے اُٹھایا گیا یہ قدم ان کی زندگی کے ایک نئے اور حساس موڑ کا اشارہ دے رہا ہے۔