لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں اور مسلسل ٹرولنگ کی شکایت کی ہے، جس کی وجہ سے وہ شدید جذباتی اور جسمانی دباؤ کا شکار ہو چکی ہیں۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ "اب چیزیں برداشت سے باہر ہو چکی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کا رویہ ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔"
علیزے شاہ نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ:
"مسلسل ٹرولنگ، تنقید اور منفی رویے نے مجھے صرف جذباتی طور پر نہیں، بلکہ جسمانی طور پر بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔"
اداکارہ نے مزید کہا کہ:
"ایسا وقت آ گیا تھا کہ میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا، سوائے اس کے کہ میں خود کو مکمل طور پر سب سے الگ کر لوں، نہ صرف سوشل میڈیا سے بلکہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے بھی۔"
انہوں نے اپنی حالت کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ:
"میں ٹوٹ چکی ہوں، تھک چکی ہوں، اور اس حد تک دباؤ میں ہوں کہ اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔"
علیزے شاہ نے اپنی باؤیو تک کو اپڈیٹ کیا تھا کہ "میں زندہ ہوں"، اس کے باوجود کچھ لوگ جھوٹ پھیلاتے رہے، اور نیوز چینلز نے ان کے والدین سے رابطہ کیا تھا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا وہ زندہ ہیں یا مر چکی ہیں۔
اداکارہ نے ان افراد اور نیوز چینلز سے سوال کیا:
"ذرا تصور کریں کہ یہ سب کچھ ایک خاندان پر، ایک ماں کے دل پر کیا گزرتی ہے۔ خدارا سمجھنے کی کوشش کریں کہ یہ سب کچھ مجھے اور میرے پیاروں کو کتنی تکلیف دے چکا ہے۔ یہ دباؤ ناقابل برداشت ہو چکا ہے، اور اس کا بوجھ میرے جسمانی صحت پر اثر انداز ہو رہا ہے۔"
انہوں نے درخواست کی کہ:
"مجھے کچھ وقت، کچھ سکون دیں، میری فیملی سے رابطہ کرنا بند کریں، جھوٹی کہانیاں گھڑنا بند کریں۔"