لاہور: ایک ہی رات میں 3پولیس مقابلوں میں زیر حراست ملزمان ہلاک

تینوں مقابلوں میں ملزمان کو ساتھیوں نے چھڑوانے کی کوشش کی ،جھڑپ میں کسی پولیس اہلکار کو خراش تک نہیں آئی
 لاہور (آئی این پی )لاہور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک ہی رات میں تین مبینہ پولیس مقابلوں میں زیرِ حراست ملزمان ہلاک کردئیے گئے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق تینوں مقابلے رات کے پچھلے پہر مختلف مقامات پر پیش آئے اور حیران کن طور پر تمام مقابلوں کی کہانی ایک جیسی بیان کی گئی۔پہلا مبینہ مقابلہ رات ایک بجے شفیق آباد کے ویرانے میں ہوا، جہاں سی سی ڈی کے مطابق مبینہ ڈاکو اظہر پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ دوسرا مقابلہ رات ڈیڑھ بجے چوہنگ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مبینہ ملزم شہزاد کو ہلاک کر دیا گیا۔ تیسرا مقابلہ رات دو بجے نشتر کالونی میں پیش آیا، جس میں مبینہ ملزم ارشد مارا گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں مارے جانے والے ملزمان جسمانی ریمانڈ پر سی سی ڈی کی تحویل میں تھے اور انہیں وقفے وقفے سے ایک ہی رات میں مقابلوں میں مارا گیا۔ تینوں واقعات میں پولیس کا موقف یہ رہا کہ ملزمان کو ان کے ساتھیوں نے چھڑوانے کی کوشش کی، جس دوران یہ جھڑپیں ہوئیں۔ذرائع کے مطابق ان تمام مقابلوں میں کسی پولیس اہلکار کو خراش تک نہیں آئی۔