ٹرک کی تلاشی کے دوران فرش میں مہارت سے چھپائی گئی 18من چرس برآمدکرلی گئی ،دو ملزمان گرفتار
راولپنڈی (آئی این پی )اے این ایف نے گوادر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا اور 720 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات پنجگور سے گوادر، پھر تنزانیہ اور یمن کی طرف سمگل کیے جانے کا منصوبہ تھا۔ کارروائی کے دوران منظم اور بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی۔اے این ایف ٹیم نے انٹیلی جنس اطلاع موصول ہونے پر جیوانی کراس، گوادر کے قریب مشکوک ہینو ٹرک اور پراڈو گاڑی کو روک کر تلاشی لی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں سے مجموعی طور پر 720 کلو گرام ایکسپورٹ کوالٹی چرس کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔دو ملزمان کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا، چرس گاڑی کے فرش میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔