شدید گرمی کے باعث مشکلات کا سامنا ، گاڑیوں میں موجود سامان بھی خراب ہونے لگا ہے، ٹرانسپورٹرز
طاقت کے استعمال کاکوئی آپشن زیرغورنہیں،دھر نا ختم کردیا جائے ، وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار کی اپیل
کراچی،سکھر (آئی این پی ) دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھ میں مختلف مقامات پر وکلا کے دھرنے جاری ہیں جس کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان گڈز ٹرانسپورٹ بند ہوکررہ گئی ہے ۔تفصیل کے مطابق دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف خیر پور میں ببرلو بائی پاس پر وکلا کا دھرنا دسویں روز میں داخل ہوگیا ۔ببرلو بائی پاس سمیت دیگر مقامات پر جاری دھرنوں کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان گڈز ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے جس کی وجہ سے اشیائے خورونوش اور دیگر اشیا کے ٹرک اور ٹریلر پھنس گئے۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹز کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گاڑیوں میں موجود سامان بھی خراب ہونے لگا ہے۔دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ببرلو بائے پاس پر دھرنا ختم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کیلوگوں کو دھرنے کے باعث پریشانی کا سامنا ہے۔وزیرداخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکا پرطاقت کے استعمال کاکوئی آپشن زیرغورنہیں ہے۔