کینالز کا معاملہ:وکلاء کا کل سندھ،پنجاب شاہراہ بند کرنے کا اعلان

جب تک کینالز کی منسوخی کا باقاعدہ نوٹس جاری نہیں ہوتا، دھرنے جاری رہیں گے، صدر سندھ ہائیکورٹ بار
    کرا چی (آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ بار کے صدر سرفراز میتلو نے اعلان کیا ہے کہ وکلاء برادری کل 18اپریل کو سندھ اور پنجاب کو ملانے والی مرکزی شاہراہ کو بند کرے گی۔ اس حوالے سے جمعہ کے روز ڈھائی بجے ببرلو اور شکارپور کے مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے، جن کا مقصد کینالز کی منسوخی کے مطالبے پر حکومت پر دبا ئوڈالنا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز میتلو کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا تھا کہ وہ کینالز پر جاری کام کو بند کرے، تاہم اس سلسلے میں تاحال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک کینالز کی منسوخی کا باقاعدہ نوٹس جاری نہیں ہوتا، دھرنے جاری رہیں گے۔انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز، سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سندھ کے مفادات کے تحفظ کے لیے وکلا کا ساتھ دیں۔