جب تک کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہیں ہو جاتا، نہروں پر چھوٹے ڈیم بنانے چاہئیں،وزیر صنعت و تجارت پنجاب
گجرات(آئی این پی)وزیر صنعت و تجارت پنجاب چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا مسئلہ حل ہونا چاہیے، سیاستدانوں کو اپنی جماعتوں سے بالاتر ہو کر ملک کیلئے سوچنا ہوگا۔ظہور پیلس گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس مسئلے کے حل کیلئے ان کیمرہ اجلاس کی تجویز دی ہے، امید ہے اس مسئلہ کو جلد حل کر لیاجائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہیں ہو جاتا، نہروں پر چھوٹے ڈیم بنانے چاہئیں، چھوٹے ڈیمزسے 30میگا واٹ تک بجلی بھی حاصل کی جا سکتی ہے، وفاقی حکومت دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک گوادر کی ترقی نہیں چاہتے اس لیے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، بلوچستان میں امن کیلئے چودھری شجاعت ماضی کی طرح اب بھی کردا ر ادا کر سکتے ہیں۔ شافع حسین نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ہمسایہ ممالک کیساتھ بیٹھ کر بات کی جانی چاہیے، جعفر ایکسپریس اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بے گناہ شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شہید کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اکٹھا ہونا ہوگا، سیاستدانوں کو اپنی جماعتوں سے بالاتر ہو کر ملک کیلئے سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے قرضوں سے جان چھڑالی جائے تب ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے، عوام کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت دن رات محنت کر رہی ہے نئے پراجیکٹس لائے جارہے ہیں۔