پہلے ہی ارسا سے 20 فیصد کم پانی مل رہا ہے،پانی صرف سندھ اور پنجاب کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے، نئی نہریں بننے سے ملک اور وفاق کمزور ہوگا
چاربھائیوں کے پانی کا فیصلہ کوئی ایک نہیں کرسکتا، حکومت جرات کرکے بتائے پنجاب کے کن اضلاع سے پانی چولستان کینال میں جائیگا،اعتزازاحسن
لاہور (آئی این پی )پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی نے کہا ہے کہ نہر کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کو سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں قربان کرنا پڑیں تو کر دینی چاہئیں، پانی صرف سندھ اور پنجاب کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے، نئی نہریں بننے سے ملک اور وفاق کمزور ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما عابد صدیقی کی صاحبزادی کی مغلپورہ میں شادی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ سندھ سے زیادہ پانی کا مسئلہ پنجاب کا ہے، ہمیں پہلے ہی ارسا سے 20 فیصد کم پانی مل رہا ہے یہ پہلی نہیں چوتھی فصل ہے جس میں پنجاب حکومت کاشتکار کا نوالہ چھین رہی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوئی نیا آبی ذخیرہ نہیں بنا تو نئی نہروں میں پانی کہاں سے آئے گا ؟ پانچ جگہوں میں سے ایک خالی ہے اسے کس جگہ سے بھرا جائے گا؟ حکومت نے اتنا سنگین بحران کھڑا کر دیا ہے کہ ہماری زمینیں بنجر ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دیہات میں 5منٹ پانی اوپر نیچے ہو جائے تو قتل و غارت اور طلاقیں ہو جاتی ہیں، پیپلز پارٹی اس مسئلے پر کسی بھی صورت خاموش رہنا افورڈ نہیں کرتی، یہ عام آدمی کی روٹی کا مسئلہ ہے، عوام کی فوڈ سکیورٹی پر کمپرومائز نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے واضح کیا کہ ہے کہ چاربھائیوں کے پانی کا فیصلہ کوئی ایک نہیں کرسکتا،چاہے ایک بھائی کے پاس ٹینک ہویاجہازوہ ایسا فیصلہ نہیں کرسکتا۔لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت جرات کرکے بتائے کہ پنجاب کے کن اضلاع سے پانی چولستان کینال میں جائیگا۔