بھارت نے کچھ بھی کیا اس کا جواب ضرور دیا جائے گا، خوارج کو بیرونی آقاؤں نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھیجا تھا،وزیرداخلہ کی نیوزکانفرنس
پاکستان ہر طرح کی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک،سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے، غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد سے گفتگو
لاہور؍ اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک؍ آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمیں بھارتی تحقیقات پر اعتبار نہیں، غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ کل ہی بھارت کو غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، بھارت نے کچھ بھی کیا اس کا جواب ضرور دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت کی تحقیقات پر اعتبار نہیں، غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب خوارج نے شمالی وزیرستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کو 3 اطراف سے گھیر کر نشانہ بنایا، 54 دہشت گرد مارے گئے، حالیہ دنوں میں کسی بھی آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ خوارج کو بیرونی آقاؤں نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھیجا تھا، قومی سلامتی کمیٹی میں یہ بات ہوئی تھی کہ ہماری توجہ ہٹانے کی کوشش کی جائے گی۔اْنہوں نے کہا کہ دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اسی طرح ماریں گے، ہلاک خوارج کے پاس سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولابارود برآمد ہوا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ پاکستان کیخلاف ہتھیار اٹھانے والے تمام لوگوں کے لیے پیغام ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے ایک وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے وفد کی تجاویز کو نوٹ کیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر محسن نقوی کا کہناتھا کہ پاکستان ہر طرح کی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیوالے سرمایہ کاروں کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض شرپسندوں کے حملوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی وضع کرلی ہے، ہمارا دین اسلام امن و آتشی کا درس دیتا ہے۔ سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے، وفد نے مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔