پی ٹی آئی پرامن سیاسی جماعت ، دہشت گردی پر یقین نہیں رکھتی، کسی دہشت گرد کا پی ٹی آئی کی قیادت یا پارٹی کے کسی ونگ سے کوئی تعلق نہیں
راولپنڈی،پشاور (آئی این پی) پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں فائرنگ کے واقعہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی فوری، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی سیاسی جماعت یا کارکن کو ذمہ دار قرار نہ دیا جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور دہشت گردی پر یقین نہیں رکھتی، کسی دہشت گرد کا پی ٹی آئی کی قیادت یا پارٹی کے کسی ونگ سے کوئی تعلق نہیں۔۔انہوں نے حکام اور سیاسی رہنماں پر زور دیا کہ حساس معاملات پر غیر ذمہ دارانہ بیانات اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور مطالبہ کیا واقعے کے تمام حقائق اور اصل ذمہ داروں کو سامنے لانے کے لئے فوری طور پر اعلی سطح کی جوڈیشل تحقیقات کروائی جائیں ۔