پنجاب: پی ٹی آئی حکومت میں ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع

پی اے سی نے 5سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لیں، چودھری امین انکوائری آفیسر مقرر 
 لاہور(آئی این پی ) پی ٹی آئی دور حکومت میں پنجاب کے ضلع گجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئیں۔پبلک اکائونٹس کمیٹی نے 5سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ تحقیقات کے سلسلے میں گریڈ 20کے ڈائریکٹر چودھری امین کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا۔آڈٹ رپورٹ 22-2021 میں مالی بے ضابطگیوں کی نشان دہی سامنے آئی۔ پی اے سی کے مطابق تعلیمی اداروں کے منصوبے بروقت مکمل نہ ہونے سے کلاسز کا اجراء نہ ہو سکا۔ پی اے سی نے محکمہ ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں ترقیاتی منصوبوں کی تاخیر پر جامع رپورٹ مرتب کی جائے۔اپریل 2023پی ٹی آئی دور حکومت میں 4ارب ڈالر 600افراد کو زیرو شرح سود قرض پر دئیے جانے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد پبلک اکائونٹس کمیٹی نے 600افراد کی لسٹ طلب کی تھی۔پی اے سی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی نور عالم خان کی زیرِ صدارت ہوا تھا جس میں بتایا گیا کہ 1 ارب کی رقم پٹرولیم کمپنی اور 3 ارب ڈالر 600افراد کو زیرو شرح سود پر دئیے گئے جس کے بعد کمیٹی نے 3 ارب ڈالر کی رقم 600 افراد کو فراہم کرنے کی لسٹ ایف آئی اے سے عید کے بعد طلب کی۔کمیٹی نے ایف آئی اے کو 600 افراد کے گھر، بینک بیلنس اور جائیدادیں بھی تحویل میں لینے کی ہدایت کی تھی۔