تمام کیسوں کی انکوائری 30 دن کے اندر مکمل کی جائے،کمیٹی کی سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت
تحقیقات محکمہ صحت کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ثابت ہوں گی، چیئرمین کمیٹی احمد اقبال
لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری نے محکمہ صحت میں مالی بے ضابطگیوں کے 25 کیسوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ کمیٹی نے سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ تمام کیسوں کی انکوائری 30 دن کے اندر مکمل کی جائے۔ذرائع کے مطابق یہ 25 کیسز مالی سال 2021-22 سے متعلق ہیں، جن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز میں ادویات کی خریداری میں بدعنوانی، ملازمین کی غیر قانونی بھرتیاں، فنڈز کے روکے جانے اور ادویات کی قلت (شارٹیج) جیسے سنگین آڈٹ اعتراضات شامل ہیں۔کمیٹی کے چیئرمین احمد اقبال نے اجلاس کے دوران کہا کہ "یہ تحقیقات محکمہ صحت کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ثابت ہوں گی، جس کے نتائج سے صوبے میں احتساب کے عمل کی سمت واضح ہو جائے گی۔"انہوں نے کہا کہ "ان 25 کیسز میں اہم آڈٹ پیراز شامل ہیں جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پنجاب کو کس بے دردی سے لوٹا گیا۔احمد اقبال کا مزید کہنا تھا کہ "اس ٹیسٹ کیس کے اثرات واضح نظر آئیں گے، اور کمیٹی ان تحقیقات کی براہِ راست نگرانی کرے گی تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جا سکے۔"پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ 30 دن کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے، بصورت دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔