ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آڈٹ ورکس نے مالی سال 2021-22 کا ریکارڈ طلب کرلیا
لاہور ( کرائم رپورٹر )ایل ڈی اے میں ہونے والی کرپشن، بے ضابطگیوں اور بیقاعدگیوں پر اینٹی کرپشن کی جانب سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ، ماضی میں بننے والی تعمیرات اور منصوبوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آڈٹ ورکس نے مالی سال 2021-22 کا ریکارڈ طلب کر لیا، آڈٹ ورکس نے چیف ٹا ئون پلانر ایل ڈی اے کو ریکارڈ کے حصول کے لیے مراسلہ لکھ دیا،مراسلے کے ذریعے ٹا ئون پلاننگ کے تین ڈائریکٹوریٹس ون، فائیو اور سیون کو پہلے مرحلے میں ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے، آڈٹ ورکس نے ریکارڈ کے حصول کے لیے لسٹ فراہم کر دی، پرائیویٹ ہا ئوسنگ سکیم، منظور شدہ سکیم اور غیر منظور شدہ سکیموں کا ریکارڈ طلب کیا گیا، غیر تعمیر شدہ پلاٹ، کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر املاک اور رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں، آڈٹ 2021-22 میں نشاندہی کے باوجود وصول نہ ہونے والے بقایا جات کی تفصیلات بھی مانگ لی گئیں، کمرشل پلاٹس کی منظوری، سالانہ کمرشلائزیشن کیسز ، آڈٹ ریکارڈ ، منظور شدہ پلان اور نقشے، عارضی و مستقل کمرشلائزیشن کے رجسٹر اور سکیم انوینٹری لسٹ بھی مانگ لی گئی،مراسلے کے ذریعے سات روز میں ریکارڈ جمع کرانے اور فوکل پرسن تعینات کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔