چندروزقبل عمرسے جھگڑاہوا،اسی رنجش پر قتل کیا:جلال اور عثمان غنی کاانکشاف
ساہیوال (خصوصی رپورٹ) الخدمت ہسپتال کی کینٹین پر اندھے قتل کے 2 ملزم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر لیے گئے، پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ سابقہ رنجش کا شاخسانہ نکلا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ فتح شیر کی حدود میں ایک ماہ قبل 22 اور 23 اگست کی درمیانی رات الخدمت ہسپتال کی کینٹین پر محمد عمر موجود تھا کہ دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی کو فوری طور پر ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمان نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ فتح شیر ظفر وٹو سمیت ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور جدید ٹیکنالوجی و سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرنے کا حکم دیا۔ پولیس ٹیم نے مسلسل کوششوں کے بعد ملزمان جلال اور عثمان غنی کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزموں نے انکشاف کیا کہ چند روز قبل مقتول سے جھگڑا ہوا تھا اور اسی رنجش پر انہوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہو گئے تھے۔