منشیات کے مقدمات میں 5 ملزموں کو قید و جرمانے

 خاتون مجرمہ رخسانہ بی بی کو 14 سال قید، 4 لاکھ روپے جرمانے کاحکم سنایاگیا
جرمانے کی عدم ادائیگی پر تمام مجرموں کو مزید 6 ماہ قید بھگتناہوگی :عدالت 
 دیپالپور، اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج دیپالپور مستحسن احمد منہاس نے منشیات کے سنگین مقدمات میں ایک ہی روز پانچ ملزموں کو مختلف مدت کی قید اور بھاری جرمانوں کی سزائیں سنائیں۔ عدالت نے یہ فیصلے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ٹھوس شواہد، مو?ثر پیروی اور بہترین تفتیش کی بنیاد پر سنائے۔ مجرم فیاض کو 25 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانہ، مجرم فرمان کو 14 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانہ، خاتون مجرمہ رخسانہ بی بی کو 14 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانہ، ناظم کو 10 سال قید اور 1 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ جبکہ باغ علی کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ سنایا گیا۔عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں تمام مجرم مزید 6 ماہ قید بھگتیں گے۔ پولیس کے مطابق تمام مجرمان سے بھاری مقدار میں چرس اور ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔اس موقع پر ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے کہا کہ ان فیصلوں سے یہ واضح پیغام ملتا ہے کہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے تفتیشی افسران اور لیگل ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد بھی دیں۔