وزیر اعلیٰ علی امین کا جلسہ گاہ کا دورہ، دھکم پیل سے سٹیج کا وی آئی پی گیٹ ٹوٹ گیا

تحریک انصاف کا آج پاور شور
پشاور میں پنڈال سج گیا، 40فٹ اونچا سٹیج تیار،وزیر اعلیٰ کے دورہ کے دوران دھکم پیل سے ایک پولیس اہلکار زخمی، قافلوں کی آمد جاری ، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان بھی موجود رہیں
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف آج پشاور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، عمران خان کی رہائی کے نام سے جلسہ شام چار بجے موٹر وے چوک رنگ روڈ پر شروع ہوگا جہاں 40فٹ اونچا سٹیج تیار کرلیا گیا ہے جبکہ جھنڈوں ، بینرز اور قائدین سے کی تصاویر سے جلسہ گاہ کی تزئین کیساتھ سینکڑوںکرسیاں لگادی گئی ہیں ، خواتین کے داخلے اور بیٹھنے کیلئے الگ انتظام کیا گیا ہے، خیبر پختونخوا اور ملک بھر سے منتخب اراکین اور قائدین کی قیادت میں کارکن قافلوں کی صورت میں پہنچ رہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں جلسہ گاہ کا دورہ کیا، سٹیج پر چڑھنے کی کوشش کے دوران سکیورٹی عملے اور پی ٹی آئی کارکنان میں دھکم پیل سے سٹیج کا وی آئی پی گیٹ ٹوٹ گیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے رنگ روڈ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔جلسہ گاہ کے مرکزی سٹیج پر بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان بھی موجود تھی۔ وزیر اعلیٰ جلسہ گاہ پہنچے تو کارکنان نے سٹیج پرچڑھنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی عملے اورکارکنان کے درمیان دھکم پیل میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا اور سٹیج کا وی آئی پی روٹ گیٹ ٹوٹ گیا۔ علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت آئین و قانون کی بالادستی نظر نہیں آ رہی۔ عدلیہ پر دباؤ ہے، صحافت پر قدغن ہے اور عام شہری غیرمحفوظ ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ کل پشاور میں پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم ترین جلسہ ہونے جا رہا ہے۔ ہم احتجاج کریں گے۔ خاموشی اب جرم بن چکی ہے۔