عدالت نے حافظ فرحت ، ندیم بارا اور علی وڑائچ کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا
5 مقدمات میں فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی
لاہور (خصوصی رپورٹ )انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن کے رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس سمیت تحریک انصاف کے تین رہنمائوں کی نو مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانت میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی۔حافظ فرحت عباس، ندیم عباس بارا اور علی وڑائچ اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے،انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے ضمانت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی،ڈی ایس پی لیگل جاوید آصف نے بتایا کہ حافظ فرحت عباس کی جناح ہائوس حملے کے مقدمے میں تفتیش مکمل نہیں ہوئی عدالت نے فرحت عباس ، ندیم بارا اور علی وڑائچ کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشتگر دی عدالت لاہور نے مغلپورہ، زمان پارک اور جناح ہائوس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے پانچ مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانت پر سماعت کی عدالت نے فواد کے وکیل سے دلائل طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 24 اکتوبر تک توسیع کردی۔لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب اسمبلی کے رکن اسمبلی اعجاز شفیع کی معطلی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے فریقین سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو 27 اے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔لاہوہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے کیس کی سماعت کی۔تحریک انصاف کے ایم پی اے اعجاز شفیق کی طرف سے پنجاب اسمبلی کے رول 210 کو چیلنج کیا گیا تھا ۔