دبئی سے فیصل آباد جانے والی پرواز میں مسافر کے انتقال کے باعث طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی جبکہ کراچی سے دبئی جانے والی پرواز کو بھی ایک کمسن بچی کی طبیعت بگڑنے کے سبب روک لیا گیا۔
دبئی سے فیصل آباد آنے والی غیرملکی ایئرلائن کی پرواز لاڑکانہ کے قریب تھی کہ ایک مسافر ذوالفقار کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگیا۔ پائلٹ نے فوری طور پر اے ٹی سی کراچی سے رابطہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی اور طیارے کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا۔ترجمان پی آئی اے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی میڈیکل ٹیم نے طیارے کے لینڈ کرتے ہی مسافر کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم معائنے کے بعد یہ تصدیق ہوئی کہ ذوالفقار انتقال کر چکے ہیں۔ طیارہ اس وقت کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے اور دیگر مسافر کلیئرنس کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب، کراچی سے دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 334 میں 3 سالہ بچی زہرہ کی حالت پرواز سے قبل اچانک بگڑ گئی۔ حکام کے مطابق بچی کو شدید بخار تھا جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئی۔ فضائی عملے نے ایئرپورٹ میڈیکل ٹیم کو اطلاع دی جس نے فوری معائنہ کیا اور بچی کو نجی اسپتال منتقل کر دیا۔