ناران میں سیاحوں کی کمی، ہوٹل اور جیپ کرائے 40 فیصد تک سستے

ناران میں سیاحوں کی کمی، ہوٹل اور جیپ کرائے 40 فیصد تک سستے

ضلع مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں ستمبر کے دوران سیاحوں کی تعداد میں کمی کے باعث ہوٹلوں اور جیپوں کے کرایوں میں 30 سے 40 فیصد تک کمی کردی گئی ہے۔

ناران کا ٹھنڈا اور خوشگوار موسم، سرسبز و بلند پہاڑ، بل کھاتا دریائے کنہار اور خوبصورت آبشاریں ہر سال بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں، تاہم رواں ماہ سیاحوں کی آمد نسبتاً کم رہی ہے۔سیاحوں کی کم تعداد کے باعث ہوٹل مالکان اور جیپ ڈرائیوروں نے کرایوں میں نمایاں کمی کردی ہے، جس سے کم بجٹ میں وادی کاغان کی سیر کرنے والے افراد کو سفری سہولت اور رہائش کے حوالے سے ریلیف مل رہا ہے۔ناران آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور اس کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے، تاہم سیاحوں کو چاہیے کہ وہ سڑکوں، دریائے کنہار اور دیگر سیاحتی مقامات پر کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔

سیاحوں کے مطابق ناران کا ٹھنڈا موسم اور دلکش قدرتی مناظر اسے کسی جنت سے کم نہیں بناتے، لیکن اس حسن کو برقرار رکھنے کے لیے صفائی اور قدرتی ماحول کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔مقامی افراد اور سیاحوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ناران اور وادی کاغان میں صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ آنے والے سیاح بھی قدرت کے ان حسین مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں اور علاقے کا قدرتی حسن آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رہے۔