گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اچھی خبریں آرہی ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل محنت کر رہے ہیں، اب اچھا وقت آگیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کا حالیہ دورہ کامیاب ترین رہا، چین کی ترقی قابلِ تحسین ہے، پاکستان بھی اسی طرح ترقی کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق چین کے عوام پاکستان کو "آئرن برادر" کہتے ہیں۔گورنر سندھ نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے نمائندے ان سے ملاقات کے لیے آئے اور ان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں کسی سیاسی جماعت کا پرچم نہیں، تمام گورنرز کا تعلق کسی نہ کسی جماعت سے ہوتا ہے۔کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ وکیل احمد علی گبول نے میرے خلاف درخواست دی تھی، لیکن گزشتہ روز ملاقات میں انہوں نے اپنی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ میں نے انہیں کہا کہ یہ ان کی مرضی ہے، میری طرف سے کوئی زبردستی نہیں ہے۔