پاک چین دوستی ہر آزمائش میں سرخرو رہی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پاک چین دوستی ہر آزمائش میں سرخرو رہی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ، مضبوط اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اترنے والی شراکت داری ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود مزید مستحکم ہوئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے دونوں ممالک مل کر کام کرتے رہیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔