پاک پتن میں ستلج کے پانی سے زمینی کٹائو، گائوں سوڈا مکمل دریابرد

 چک باقر کے 50 گھر کٹا ئوکی نذر‘موٹر وے 13ویں روز بھی ملتان سے جھانگڑا انٹرچینج تک بند  رہی
سیلاب سے موٹروے سمیت 200 سے زائد سڑکیں متاثر ہو چکی ہیں:پی ڈی ایم اے پنجاب
لاہور،پاکپتن  (آئی این پی )پاک پتن میں دریائے ستلج سے زمینی کٹا ئوکا عمل جاری ہے، گائوں سوڈا مکمل دریا برد ہوگیا ، چک باقر کے 50 گھر بھی کٹا ئوکی زد میں آگئے۔دریائے چناب اور ستلج کے سیلاب سے متاثرہ جلال پور پیر والا شہر سمیت درجنوں بستیوں میں پانی اب بھی موجود ہیں، نوراجہ بھٹہ کے مقام پر شگاف بند کرنے کا کام جاری ہے۔موٹر وے پولیس کے مطابق سیلاب سے متاثرہ ایم 5 موٹر وے 13ویں روز بھی ملتان سے جھانگڑا انٹرچینج تک بند ہے، بحالی کے لیے پانی اترنے کا انتظار  ہے ۔دوسری جانب دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتِ حال برقرار ہے۔ٹھٹہ سجاول پل پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں کچے کے 10 سے زائد دیہات زیرِ آب آگئے۔پانی کی سطح میں اضافے کے باعث کئی ایکڑ  پر کھڑی فصلیں بھی زیرِ آب آگئیں جس کے بعد مکینوں نے حفاظتی بند پر پناہ لے لی۔مٹیاری میں کچے کے علاقے بھی متاثر ہو گئے، ۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق سیلاب کے باعث موٹر وے ایم فائیو 13 مقامات پر متاثر ہوئی جبکہ مزید چار سے پانچ مقامات پر نقصان کا خدشہ ہے، یہی وجہ ہے کہ موٹر وے ایم فائیو 15ویں روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، سیلاب نے قومی اور ضلعی سطح کی 200 سے زائد سڑکوں کو بھی متاثر کیا۔