بجلی شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ سے زیادہ ہوگیا‘شہر شہر‘گائوں گائوں لوڈشیڈنگ

 متعدد پاورپلانٹس سسٹم سے نکل گئے، ہائیڈل پیدوار بھی کم ہوگئی‘ شارٹ فال بڑھنے کی وجہ ڈیزل ، گیس اور ہائیڈل پاور میں کمی ہے
اسلا م آباد (آئی این پی )ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا، متعدد پاورپلانٹس سسٹم سے نکل گئے، ہائیڈل پیدوار بھی کم ہوگئی  ۔این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا ہے ، اس وقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہے ۔ متعدد پاورپلانٹس سسٹم سے نکل گئے ہیں اورہائیڈل پیداوار بھی کم ہوگئی ہے۔ شہروں اور دیہات میں 3 سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔دوسری جانب لیسکو ریجن میں شارٹ فال 1500میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگیا ہے ۔ لیسکو ذرائع کے مطابق شارٹ فال بڑھنے کی وجہ ڈیزل ، گیس اور ہائیڈل پاور میں کمی ہے۔ لیسکو ریجن میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ جبری لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کئی روزتک بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔فوکل پرسن ینگ انجیئرنگ کونسل عثمان فاروق کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔فوکل پرسن کے مطابق سسٹم سے متعدد پاور ہائو س نکل گئے جن کا 16 اکتوبر تک واپسی کا امکان ہے