ٹرمپ نے انگوٹھا دکھا کر ملاقات کامیاب ہونے کا اشارہ دیا شہباز شریف کو وائٹ ہاؤس کے ماڈل کا تحفہ دیاگیا

وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات ایک گھنٹے20منٹ جاری رہی‘ گفتگو کی تفصیلات میڈیا کو جاری نہ کی گئیں
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات ایک گھنٹے20منٹ جاری رہی‘ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شامل تھے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس دوران دوران پاک، امریکا تعلقات علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کو وائٹ ہاؤس کے ماڈل کا تحفہ پیش کیا گیا۔تاہم اس اہم ملاقات میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات میڈیا کو جاری نہیں کی گئی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان یہ پہلا باضابطہ دو طرفہ رابطہ ہے۔یہ ملاقات سابق وزیرِاعظم عمران خان کی جولائی 2019 میں ٹرمپ سے پہلی مدت کے 6 سال بعد ہوئی۔ملاقات کے بعد امریکی صدر نے انگوٹھا دکھا کر ملاقات کامیاب رہنے کا عندیہ دیا، تینوں رہنمائوں میں مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔