شہباز شریف کی ڈونلڈ ٹرمپ سے غیر رسمی ملاقات، گرمجوشی سے مصافحہ‘اسحاق ڈار ساتھ تھے‘امریکی صدر سے وزیراعظم کی آج باضابطہ ملاقات ہوگی‘فیلڈ مارشل بھی ساتھ ہونے کا امکان

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات سیلابی نقصان جائزے میں شامل کئے جائیں شہبازشریف
 پائیدار اصلاحات کی بدولت پاکستان کی معیشت میں استحکام کے مثبت آثار نظر آ رہے ہیں، پاکستان کی معیشت تیزی سے بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے:وزیراعظم کی   ایم ڈی آئی ایم ایف  سے  ملاقات میں گفتگو
 کرسٹالینا جارجیوا کا سیلاب متاثرین سے  اظہارہمدردی ، تعاون جاری رکھنے کا اعادہ‘ورلڈبینک کے صدر کی بھی  وزیراعظم سے ملاقات‘ پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کی تعریف ‘وزیراعظم نے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا
نیویارک(یواین پی‘آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی۔وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں غیر رسمی گفتگو کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیراعظم شہبازشریف کی جمعرات کو باضابطہ ملاقات طے پاگئی، ملاقات میں اعلیٰ سیاسی و دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے درخواست کی ہے  وہ حالیہ سیلاب کے معیشت پر اثرات کو اپنے جائزے میں شامل کرے اور کہا ہے کہ پائیدار اصلاحات کی بدولت پاکستان کی معیشت استحکام کے مثبت آثار نظر آ رہے ہیں، پاکستان کی معیشت تیزی سے بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کرسٹالینا جارجیوا کی قیادت میں تعاون مزید مستحکم ہوا ہے‘ وزیراعظم نے کہا ہے  پختہ عزم کے ساتھ کی جانے والی پائیدار اصلاحات کی بدولت پاکستان کی معیشت استحکام کے مثبت آثار دکھا رہی ہے اور اب بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف اور وعدوں پر مسلسل پیش رفت کر رہا ہے تاہم حالیہ سیلاب کے معاشی اثرات کو بھی جائزے میں شامل کیا جانا چاہیے۔آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نقصانات کے تخمینے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے وزیراعظم کے مضبوط میکرو اکنامک پالیسیوں پر عمل درآمد کے عزم کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ آئی ایم ایف پاکستان کی طویل مدتی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحاتی اقدامات میں مسلسل تعاون کرے گا۔ دریں اثنا   وزیراعظم شہباز شریف سے صدر ورلڈ بینک کی ملاقات ہوئی جس میں ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔