شہباز شریف کو ٹی سیٹ، تسبیح، تاریخی دھن اور مالدیپ کی کشتی کے ماڈل کا تحفہ

اسحاق ڈار کو خصوصی گھڑی، کرسٹل ٹی سیٹ، یادگاری میڈل اور ماڈل بحری جہاز تحفے میں دیئے گئے
وزیراعظم کی بہو کو مالدیپ کا ثقافتی لباس  تحفے میں دیا گیا، توشہ خانہ کا اکتوبر  کا ریکارڈ جاری
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ کا اکتوبر 2026 کا ریکارڈ عوام کے لیے جاری کردیا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چین میں پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی اور وزیراعظم کی بہو سمیت مختلف شخصیات کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق وزیراعظم کو مختلف نوعیت کے تحائف جبکہ اسحاق ڈار کو خصوصی گھڑی، کرسٹل ٹی سیٹ اور یادگاری اشیا تحفے میں ملیں۔ریکارڈ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ٹی سیٹ، تسبیح، دنیا کی پہلی ریکارڈ شدہ دھن، ٹیبل کلاک اور مالدیپ کی کشتی کا ماڈل سمیت دیگر تحائف دیے گئے، جبکہ وزیراعظم کی بہو کو مالدیپ کا ثقافتی لباس تحفے میں ملا۔دستاویزات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو 15 اکتوبر 2026 کو کرسٹل ٹی کپ اور ساسر سیٹ، کونسل آف نائسیہ کا میڈل، ہولی سی کی جانب سے یادگاری پلیٹ اور بحرین کا روایتی ماڈل بحری جہاز تحفے میں دیا گیا۔اسحاق ڈار کو 23 اکتوبر 2026 کو سن برسٹ گولڈ لمیٹڈ ایڈیشن گھڑی بھی تحفے میں دی گئی، جس پر حکومت پاکستان کا لوگو موجود ہے۔دوسری جانب چین میں پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی کو 6 اکتوبر 2026 کو دو آئی فون 17 پرو میکس تحفے میں دیے گئے۔ ان میں ایک سلور جبکہ دوسرا ڈیپ بلیو رنگ کا تھا۔توشہ خانہ ریکارڈ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر شخصیات کو ملنے والے تحائف کی مالیت کا تاحال تعین نہیں کیا گیا۔