لاہور (آئی این پی )جیل میں قید پی ٹی آئی رہنمائو ں نے کہا ہے وزیر دفاع خواجہ آصف کا موجودہ نظام کو ہائبرڈ ماڈل کہنا پاکستان میں دکھاوے کی جمہوریت کی عکاسی کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، پنجاب حکومت کے سابق وزرا ڈاکٹر یاسمین رشید اور میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل سے اپنے مشترکہ کھلے خط میں کہا ہے کہ خواجہ آصف کا ہائبرڈ نظام کے بارے میں بیان جمہوریت کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس بیان کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی تائید حاصل تھی کیونکہ وہ(خواجہ آصف) ان کے بڑے ترجمان ہیں۔مشترکہ خط میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے بیان سے متفق نہیں ہیں کیونکہ وہ حقیقی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنماں نے کہا کہ گزشتہ برس 8 فروری کو پاکستانی عوام نے ان کی پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا تھا، تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن)میں اقتدار کی ہوس بہت زیادہ تھی، الیکشن کمیشن اور عبوری حکومت کی ملی بھگت اور دھوکا دہی کے ذریعے فارم 47 حکومت وجود میں آئی، جسے اب ہائبرڈ طرز کی حکومت کہا جا رہا ہے۔