وزیراعظم کا طیارہ سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہیں سعودی ائیر فورس کے ایف 15 لڑاکا طیاروں نے ان کے جہاز کو اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا اور پرتپاک خیر مقدم کیا
وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب پہنچنے پرڈپٹی گورنر ریاض نے استقبال کیا، دونوں کے درمیان ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ولی عہد سے بھی ملاقات ہوگی
مشرقِ وسطیٰ کے امن کے لئے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے:سعودی ولی عہد محمد بن سلمان‘ پاکستان مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے:شہبازشریف‘ملاقات میں گفتگو‘فیلڈ مارشل بھی موجود تھے
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) سعودی عرب کے دارالحکومت پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی فضائیہ کی جانب سے شاندار انداز میں استقبال کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر پہنچے، جیسے ہی ان کا طیارہ سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا، سعودی ائیر فورس کے F-15 لڑاکا طیاروں نے ان کے جہاز کو اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا اور پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیر اعظم نے اس خصوصی استقبال کے جواب میں سعودی لڑاکا طیاروں کو سلام پیش کیا اور طیارے کے کاک پٹ میں جا کر مائیک کے ذریعے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کیا‘اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ سعودی فضائیہ کے طیاروں نے وزیر اعظم کے جہاز کو سعودی حدود میں داخل ہوتے ہی اپنی حفاظت میں لے لیا۔ انہوں نے اسے سعودی حکومت کی طرف سے برادرانہ محبت اور احترام کی علامت قرار دیا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عالم اسلام میں پاکستان کا یہ مقام اللہ تعالیٰ کی مہربانی، وزیر اعظم شہباز شریف کی سفارتی بصیرت اور پاکستانی افواج کی کامیابیوں کا نتیجہ ہے۔سعودی عرب پہنچنے پرڈپٹی گورنر ریاض نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، وزیراعظم شہباز شریف اور ڈپٹی گورنر ریاض کے درمیان ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا‘دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے ملاقات شیڈول ہے، دونوں رہنماؤں میں علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال ہوگا، دوطرفہ امور اور تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک میں تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودیہ مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہوں گے، وزیراعظم کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔