سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ دن ہے جب بھارتی افواج نے کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف وادی پر قبضہ کیا۔
انہوں نے اس دن کو ظلم کے خلاف جدوجہد کا یادگار دن قرار دیا اور کہا کہ کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے حقِ خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔میمن نے کہا کہ کشمیری عوام کا حوصلہ، صبر اور استقامت دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے مثال ہے۔ پاکستان کے عوام آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ہر عالمی فورم پر کشمیر کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق ضرور ملے گا۔