جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بنگلہ دیشی حکام سے ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر، چیف آف نیول اسٹاف، ائیر چیف مارشل اور دیگر عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران، پاکستان اور بنگلہ دیش کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی تعریف کی گئی اور دونوں ملکوں نے دفاعی شعبوں میں تعاون اور فوجی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خودمختاری، مساوات اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو مضبوط بنائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، فریقین نے علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔