چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کا دورہ برونائی، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کا دورہ برونائی، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی دارالسلام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سلطانِ برونائی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 اس اہم ملاقات میں برونائی کے سلطان نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جنرل مرزا نے پاکستان اور برونائی کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے وزیرِ دفاع اور رائل برونائی آرمڈ فورسز کے کمانڈرز سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور مشترکہ دفاعی مفادات پر گفتگو کی گئی۔انہوں نے موارا نیول بیس کا دورہ کیا اور دارالامان میں موجود رائل برونائی نیول فورسز کے افسران سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے علاقائی امن و استحکام میں کردار، قربانیوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ اکیڈمی کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس کے طلبہ سے بھی ملاقات کی جن میں 19 مختلف ممالک کے افسران شامل تھے۔

اس دوران وفود نے عالمی و علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جنرل مرزا نے کہا کہ پاکستان برونائی کے ساتھ اپنے دفاعی اور عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ برونائی کے سول و عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا اور پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔دورے کے اختتام پر، جنرل ساحر شمشاد مرزا کو برونائی آرمڈ فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی، عسکری اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی علامت ہے۔