وزیراعظم کا ریاض روانہ، فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت

وزیراعظم کا ریاض روانہ، فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر ریاض روانہ ہوگئے ہیں۔

وہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد کے ہمراہ سعودی دارالحکومت پہنچے ہیں۔وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، اور معاونین خصوصی طارق فاطمی و بلال بن ثاقب شامل ہیں۔یہ کانفرنس عالمی رہنماؤں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور دیگر شعبوں کے نمائندوں کی شرکت سے منعقد ہو رہی ہے، جس میں وزیرِ اعظم پاکستان پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ وہ پائیدار ترقی، اقتصادی شمولیت، جدت، اور عالمی جغرافیائی سیاست میں تبدیلیوں پر ہونے والی گفتگو میں بھی حصہ لیں گے۔

دورے کے دوران، وزیرِ اعظم سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت ہوگی۔ علاوہ ازیں، عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور پاکستان میں سرمایہ کاری و ترقی کے حوالے سے تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوگی۔