وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین روانہ ہوں گے۔
اس دوران، 4 ستمبر کو بیجنگ میں پاکستان کی جانب سے ایک اہم B2B انویسٹمنٹ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی میزبانی پاکستانی سفارت خانہ اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (SIFC) کریں گے۔حکومت نے تمام صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ چین میں پیش کیے جانے والے سرمایہ کاری کے منصوبے فوری طور پر تیار کریں۔ وزیراعظم خود اس کانفرنس سے قبل بریفنگ سیشن میں ان منصوبوں کا جائزہ لیں گے، اور چیف سیکرٹریز کو منصوبوں کے اسکوپ اور سرمایہ کاری کی تفصیلات پر براہ راست بریفنگ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کانفرنس میں شامل کیے جانے والے منصوبوں میں ٹیکسٹائل، ایگریکلچر، اور آئی ٹی کے شعبے اہم ہوں گے۔ پاکستان کی جانب سے فارما، آئرن اسٹیل، کیمیکلز، اور پاور اسٹوریج کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش متوقع ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے صوبوں سے متعلقہ منصوبے طلب کیے ہیں۔ایس آئی ایف سی نے اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے رابطے تیز کر دیے ہیں، اور یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اور چین کے درمیان اس نوعیت کی 8 بڑی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے براہ راست B2B سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہوگی۔بیجنگ میں ہونے والی یہ سرمایہ کاری کانفرنس پاکستان اور چین کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں ایک نیا باب رقم کرے گی، اور اس سے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ متوقع ہے۔