جاتی امرا میں اہم ملاقات نواز شریف کا مریم نواز کے اقدامات پر اظہار اطمینان، شہباز شریف کی محنت و قیادت کو سراہا
لاہور( خصوصی رپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ پارٹی رہنمائوں نے ملکی معیشت کے استحکام، ترقیاتی پالیسیوں اور پارٹی تنظیمی امور پر بھی بات چیت کی۔اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک محنت کی دنیا بھی تعریف کرتی ہے۔نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مریم نواز نے امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کے لیے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں، پنجاب ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں مرغوب احمد کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔