آزاد کشمیر: پیپلز پارٹی نے نمبرز پورے کر لئے

 آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی راہ ہموار ،سندھ ہائوس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کا پاور شو،عشائیہ میں 27ارکان اسمبلی کی شرکت 
صدرزرداری کا شہبازشریف کو فون ،حمایت طلب ،وزیراعظم نے کمیٹی بنادی، احسن اقبال سربراہ ،رانا ثنااللہ اور امیرمقام شاممل 
اسلام آباد ،مظفر آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کیلئے ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری کرلی،پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے 10وزرا پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے،دوسری طرف صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے حکومت سازی کے معاملے پربات چیت کی اور حمایت طلب کی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آزاد کشمیر فارورڈ بلاک کے 10وزرا نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا،فارورڈ بلاک میں شامل بیرسٹرسلطان محمود چودھری گروپ کے 5 وزرا چودھری یاسرسلطان، محمد حسین، چودھری محمد اخلاق، چودھری ارشد اور چودھری محمد رشیدنے فریال تالپور اور چودھری ریاض سے ملاقات میں پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔بعدازاں 4وزرا فہیم اخترربانی، عبدالماجد خان، محمد اکبرابراہیم اور عاصم شریف بٹ نے فریال تالپور سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ فریال تالپور نے نئے شامل ہونے والے رہنمائوں کا خیرمقدم اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کی سچی نمائندہ رہی ہے، سیاسی اورمعاشی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔بیرسٹر سلطان محمو د چودھری گروپ کا حصہ آزاد کشمیر کے وزیرہائرایجوکیشن ظفراقبال ملک بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے،انہوں نے فریال تالپور اور چودھری ریاض سے ملاقات میں اعلان کیا،جس کے ساتھ ہی پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے ارکان اسمبلی کی تعداد 27 تک پہنچ گئی اورحکومت بنانے کی راہ ہموار ہوگئی۔ سابق وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ پہلے ہی تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ فریال تالپورکی جانب سے سندھ ہائوس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی میں شامل ہونیوالوں کے اعزازمیں عشائیہ دیا گیا،جس میں حمایت کا اعلان کرنیوالے تمام ارکان نے شرکت کی،اس اجتماع سے پیپلزپارٹی نے اپنا پاورشو دے دیا۔ سابق چیئرمین سینیٹ و سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی نیئرحسین بخاری نے کہا ہے ابھی واضح نہیں کہ آزاد کشمیرکا وزیراعظم کون ہوگا۔ پیپلزپارٹی کیذرائع کا کہناہے آزاد کشمیر اسمبلی میں ان ہائوس تبدیلی کیلئے 30 سے زائدارکان کا ساتھ حاصل ہے۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے صدر شاہ غلام قادر نے روزنامہ دنیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ان کی جماعت کو حکومت سازی میں کوئی دلچسپی نہیں،اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ آزادکشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 9 ارکان ہیں جبکہ مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے ایک ایک ووٹ کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا کہ وہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے یا اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔ دوسری طر ف صدر مملکت آصف زرداری نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر وزیر اعظم شہبازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے تعاون مانگا۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے شہباز شریف کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی جوپیپلز پارٹی کی کمیٹی سے مذاکرات کرے گی،کمیٹی میں رانا ثنااللہ اور امیرمقام کو شامل کیاگیاہے۔