‘‘دی پنجاب مائنز اینڈ منرلز بل 2025’’آج پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائیگا
نئی فورس ،پولیس سٹیشن اور خصوصی عدالتوں کا قیام مجوزہ بل کے مسودہ میں شامل
لاہور (خصوصی رپورٹ)حکومتِ پنجاب نے صوبے میں معدنی وسائل کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے معدنیات اور کان کنی کیلئے نیا جامع قانونی نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ۔ اس حوالے سے ‘‘دی پنجاب مائنز اینڈ منرلز بل 2025’’آج پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ قانونی مسودے کے تحت کان کنی کا جدید لائسنسنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ ایک لائسنسنگ اتھارٹی قائم کی جائے گی جو نئے لائسنسوں کے اجرا، پرانے لائسنس کی معطلی اور منسوخی کا اختیار رکھے گی۔بل کے مطابق غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کیلئے ایک کان کنی و معدنیات فورس تشکیل دی جائے گی،جسے گرفتاری کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔ کان کنی و معدنیات پولیس سٹیشن اور خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی، جن کے فیصلے سیشن کورٹ میں چیلنج کئے جا سکیں گے۔ بل کے تحت ایک ‘‘ایکسپلوریشن پروموشن ڈویڑن’’قائم کیا جائے گا جو جیولوجیکل ڈیٹا بیس تیار کرے گا۔قانونی مسودے میں بڈنگ کے طریقہ کار، جرمانوں اور ریگولیٹری نگرانی سے متعلق تفصیلی شقیں بھی شامل ہیں۔