لیسکو کے ملازمین بجلی چوری میں ملوث نکلے

 حکام کی کارروائی، متعدد ملازمین بجلی چوری کے الزام میں معطل
محکمانہ انکوائری کا آغاز، بجلی چوری میں معاونت پر مقدمات کی سفارش
لاہور ( کرائم رپورٹر) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ کمپنی کے اپنے ملازمین ہی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ذرائع کے مطابق لیسکو انتظامیہ نے خفیہ رپورٹوں اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مختلف سب ڈویڑنز میں کارروائیاں کیں، جن میں متعدد لائن سپرنٹنڈنٹس، میٹر ریڈرز اور فیلڈ اسٹاف کے خلاف شواہد سامنے آئے۔ترجمان لیسکو کے مطابق ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے جبکہ محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کچھ ملازمین نے صنعتی صارفین کو ناجائز کنکشنز میں مدد فراہم کی تھی۔ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی چوری میں ملوث کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ محکمے کا ملازم ہی کیوں نہ ہو۔ تمام ثبوتوں کی روشنی میں فوجداری مقدمات درج کرنے کی سفارش بھی کر دی گئی ہے۔