دبئی پولیس نے 3 سالہ سارہ کا خواب پورا کیا

دبئی پولیس نے 3 سالہ سارہ کا خواب پورا کیا

دبئی پولیس نے 3 سالہ سارہ نبیل کا پولیس افسر بننے کا خواب پورا کر دیا ہے۔

کمسن بچی نے پولیس کی وردی پہننے اور لگژری پٹرولنگ گاڑی میں سیر کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جسے دبئی پولیس نے فوری عملی جامہ پہنا دیا۔سارہ نبیل نے اپنی سادہ سی خواہش اسکول سیکیورٹی انیشیٹو ٹیم کے ارکان سے شیئر کی، جس کے بعد پولیس نے نہ صرف اسے ’ننھی پولیس آفیسر‘ کا اعزاز دیا بلکہ اس کے لیے پولیس کی مشہور لگژری پیٹرول کار میں سیر کا بھی اہتمام کیا۔اس خوشی کے موقع پر سارہ اور اس کے اہل خانہ کو دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز میں خوش آمدید کہا گیا، جہاں پولیس افسران نے ان کا استقبال کیا۔ ننھی افسر کو وردی پہنائی گئی اور شہر کی سیر کرائی گئی، جس کا سب سے خاص لمحہ پولیس کی لگژری گاڑی میں سفر تھا۔

کپتان ماجد بن سعد الکعبی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دبئی پولیس کی کمیونٹی سے مضبوط تعلقات قائم کرنے اور بچوں میں قومی فخر و محبت کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے پولیس کا انسان دوست اور مثبت چہرہ دنیا بھر میں اجاگر ہوتا ہے۔